منگلورو؍ہبلی 10؍ستمبر (ایس او نیوز) گرامین بینکنگ کے لئے منعقدہ امتحانات میں بیرونی ریاستوں کے امیدواروں کو موقع دئے جانے سے کنڑیگاس کی حق تلفی ہونے کا الزام لگاتے ہوئے ہبلی، کلبرگی، منگلورو وغیرہ میں کرناٹکا رکھشنا ویدیکے کے تحت احتجاجی مظاہرے ہوئے اور امتحانی مراکز کا گھیراؤ کیا گیا۔
گرامین بینکوں کے امتحانات میں کنڑا زبان کی جانکاری لازمی ہونے کی شرط کو مرکزی حکومت نے 2014میں ختم کردیا تھا۔ اور منتخب ہونے والے امیدواروں کو 6مہینے کے اندر کنڑی زبان سیکھنے کی رعایت دی تھی۔ اس وجہ سے اب دیگر ریاستوں کے امیدوار گرامین بینکوں کے امتحانات میں شریک ہونے لگے ہیں ۔ اس بات سے کنڑا حمایتی عناصر ناراض ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہاں پر کنڑیگاس کو ترجیح دینے کے بجائے بیرونی ریاستوں کے امیدوارو ں کو منتخب کرتے ہوئے کنڑیگاس کے ساتھ حق تلفی کی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ گرامین بینک کے لئے امتحانات ستمبر9 ,16,10,اور23کو منعقد ہورہے ہیں۔
ہبلی اور کلبرگی میں امتحانی مراکزپر سنگ باری کرتے ہوئے کھڑکیوں کے شیشے توڑے کی جانے پر تشدد پر آمادہ افرادکو منتشر کرنے کے لئے پولیس نے ہلکا لاٹھی چارج کیا ہے۔ جبکہ منگلورو میں کنڑا رکھشنا ویدیکے کے لیڈروں نے امتحانی مرکز کے باہر گھیراؤ کرتے ہوئے سخت احتجاج کیا۔اس دوران پولیس نے احتجاجی لیڈروں اور رضاکاروں کو گرفتار کرلیا۔